مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچنے والے 8 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچنے والے 8 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد: مراکش اور اسپین کے درمیان کشتی حادثے میں خوش قسمتی سے زندہ بچ جانے والے 8 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے ہیں، جن کی شناخت محمد افضل، محمد عدیل، عرفان احمد، ارسلان، غلام مصطفیٰ، بدر محی الدین، مجاہد علی اور تصویر احمد کے طور پر ہوئی ہے۔

 یہ افراد فلائٹ نمبر QR614 کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے، اور ان کی عمریں 21 سے 41 سال کے درمیان ہیں۔اس حادثے میں زندہ بچ جانے والے افراد کی تعداد 22 ہو چکی ہے، جنہوں نے غیر قانونی طریقے سے اسپین جانے کی کوشش کی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایجنٹوں نے ان افراد کو لاکھوں روپے کے عوض دبئی، ایتھوپیا، اور سینیگال بھیجا، جہاں سے انہیں سمندری راستے سے اسپین پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ایجنٹوں نے متاثرین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا، اور حکام اس بارے میں مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ ایجنٹوں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔ حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بیرون ملک جانے کے لیے ہمیشہ متعلقہ ملک کی ایمبیسی سے رابطہ کریں اور اپنے ذاتی دستاویزات غیر متعلقہ افراد کے حوالے نہ کریں۔