شہدا کی فیملیز اور ودیگر پولیس ملازمین کو 50 فیصد تک رعایت ملے گی
لاہور (کرائم رپورٹر ) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ایک اور احسن اقدام ،معروف نجی ہسپتال کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے۔ترجمان کے مطابق سنٹرل پولیس آفس میں آمد کے موقع پر نجی ہسپتال کے وفد میں سی ای او ڈاکٹر ذیشان علی، ایم ڈی ملک جمیل احمد، ڈاکٹر شایان ارشد شامل تھے۔ آئی جی پنجاب اور نجی ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر ذیشان علی نے ایم او یو پر دستخط کئے جس کے تحت پولیس شہدا کی فیملیز اور حاضر سروس پولیس ملازمین کو 50 فیصد تک رعایتی نرخ پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ پولیس شہدا کے اہل خانہ کو علاج معالجے اور لیب ٹیسٹ پر 50 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی، حاضر سروس پولیس ملازمین کو مختلف بیماریوں کے علاج و لیب ٹیسٹ کیلئے40 فیصد اور سپیشلسٹ ڈاکٹرز سے چیک اپ پر 25 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی، اسی طرح فارمیسی پر تمام ادویات، میڈیکل آلات و دیگر اشیا پر بھی 10 فیصد رعایت دی جائے گی۔