جنید اکبر خان وزیراعظم کے ذریعے چیئرمین پی اے سی بنے ہیں اور اپنی خفگی مٹانے کے لیے الٹے سیدھے بیانات دے رہے ہیں
مریدکے (آن لائن )وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اینڈ فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی تمام تر تخریب کاری کے باوجود تمام دوست ممالک پاکستان کے قریب آچکے ہیں اورپاکستان بہتری کی طرف گامزن ہے اگر پی ٹی آئی مثبت سیاست کرے تو ان کے معاملات درست ہوسکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جنید اکبر خان وزیراعظم کے ذریعے چیئرمین پی اے سی بنے ہیں اور اپنی خفگی مٹانے کے لیے الٹے سیدھے بیانات دے رہے ہیں۔ سابق چیئرمین بلدیہ مریدکے راناماجد نواز، کوارڈی نیٹر رانا حسیب عامراور انعام اللہ ورک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائفر سمیت کئی مقدمات اوپن کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انصاف کا عمل مکمل ہو سکے۔ وزیر صنعت و پیدوار نے کہا کہ عدالتوں میں لاکھوں مقدمات زیر التوا ہیں اور عوام انصاف کے لیے رل رہے ہیں جس کے پیش نظر عوام کو جلد انصاف کی فراہمی کے لئے اعلیٰ عدلیہ میں ججز لگائے جا رہے ہیں، ججزکی تعیناتی اور تبادلوں پر کوئی استعفیٰ دیتا ہے تو اس سے حکومت یا ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں اور دیگر ممالک کے ساتھ امریکی اقتصادی تنازعہ کے پاکستان پر کوئی اثرات نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بہترین کام کررہی ہیں ، انہوںنے دھی رانی پروگرام، ہمت کارڈ، مینارٹی کارڈ، کسان کارڈ، گھروںکی تعمیر کے لیے بلا سود قرضہ جات اور کسانوں کو سولر پینل کی فراہمی جیسے منصوبے پیش کیے ہیں اور ان کی محنت سے پنجاب مزید ترقی کرے گا۔