عوام مفت میں عمرہ کروانے والوں سے ہوشیار رہیں:وزیرداخلہ

سعود ی حکام نے بیگناہ خاندان منشیات کیس میں کلیئر کردیا،محسن نقوی کی پریس کانفرنس
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سعودی حکام نے بیگناہ خاندان کو منشیات کیس سے کلیئر کردیا، عوام مفت میں عمرہ کروانے والوں سے ہوشیار رہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو منشیات کیس میں پھنسا دیا گیا تھا، اے این ایف نے زبردست کام کیا ورنہ یہ لوگ ساری زندگی واپس نہیں آسکتے تھے۔انکا کہنا تھا کہ اس گینگ میں 9 لوگ شامل تھے جس میں ایئرپورٹ عملے کے لوگ بھی ملوث ہیں۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ اے این ایف سمگلنگ کے خلاف بہترین کام کر رہا ہے، منشیات فروشوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، منشیات میں ملوث کوئی بھی نام ہو ہم سے نہیں بچے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ سعودی حکام کے تعاون کے مشکور ہیں، اے این ایف نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کے پھیلاؤ کے خلاف کام شروع کر دیا ہے۔اس موقع پرڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس نے کہا کہ 23 دسمبر کو ایک گروہ نے ایک خاندان کے بیگ کو سمگلنگ کے لیے استعمال کیا، سعودی حکام سے رابطہ کرکے ہم نے اس خاندان کو مشکل سے بچایا، 48 گھنٹے میں گینگ پکڑ کر سعودی حکومت کے ساتھ تفصیل شیئر کی۔