ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ کے لیے 13 ارب روپے کے اہم منصوبوں کی منظوری

ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ کے لیے 13 ارب روپے کے اہم منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد: ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ کے لیے 13 ارب روپے کے اہم منصوبے منظور، دیہی اور شہری علاقوں میں ڈیجیٹل فرق مٹانے کی کوششیں تیز ہو گئیں

ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرنے کے لیے 13 ارب روپے سے زائد کے 9 میگا پراجیکٹس کی منظوری دی گئی ہے۔ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں ملک کے 11 اضلاع کے لیے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، وائس کمیونیکیشن اور فائبر آپٹیکل کیبل کے منصوبے شامل ہیں۔ سیکرٹری آئی ٹی کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر شزا فاطمہ کی ہدایت پر شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان ڈیجیٹل فرق کو کم کرنے کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ یہ منصوبے 55 لاکھ سے زیادہ افراد کو جدید سہولیات فراہم کریں گے، جن میں 178 ٹاؤنز، یونین کونسلز اور 753 گاؤں شامل ہیں۔

چیئرمین یو ایس ایف کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے دیہی اور پسماندہ علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل کنکٹیویٹی کے ذریعے ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ ملے گا۔ اب تک جاری منصوبوں سے 3 کروڑ 94 لاکھ سے زائد دیہی افراد کو سہولیات فراہم ہو چکی ہیں۔ سیالکوٹ، نارووال، زیارت اور کوئٹہ کے اضلاع میں 1428 کلومیٹر فائبر آپٹیکل کیبل بچھائی جائے گی، جب کہ عمرکوٹ، گجرانوالہ، کوہاٹ، خضدار، مظفرگڑھ، مانسہرہ اور منڈی بہاءالدین کے اضلاع کے لیے براڈبینڈ سروسز کے مزید منصوبے شامل ہیں۔ اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل حفیظ الرحمان، اور دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔