امریکا نے 19 ممالک کے تارکین وطن کی امیگریشن درخواستیں معطل کردیں، جن میں گرین کارڈ اور شہریت کی درخواستیں شامل ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق، ان ممالک میں افغانستان، ایران، لیبیا، میانمار، صومالیہ، سوڈان، ترکمانستان، یمن اور دیگر شامل ہیں۔نیویارک ٹائمز کے مطابق، یہ پابندیاں ان شہریوں پر لاگو ہوتی ہیں جنہیں جون میں ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز سے اسٹیٹس حاصل کرنے سے روک دیا تھا۔یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز کے مطابق، ان ممالک کے شہریوں کے تمام کیسز کی حتمی منظوری یا مسترد کرنے کے فیصلے روک دیے گئے ہیں، جن میں وہ درخواست دہندہ بھی شامل ہیں جو امریکی شہری بننے کے قریب تھے۔
یہ اقدام افغان شہری کی نیشنل گارڈز پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اٹھایا گیا ہے، جس میں ایک نیشنل گارڈ ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا۔اس واقعے کے بعد، امریکا نے افغان پاسپورٹ پر سفر کرنے والے افراد کے ویزے جاری کرنے اور اسائلم درخواستوں سے متعلق فیصلے بھی معطل کر دیے ہیں۔