راولپنڈی (آن لائن)بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے ان کو بڑی فکر ہے بھارتی میڈیا پر بات کیوں کی، ہم پوری دنیا کے میڈیا پر اپنی آواز اٹھائیں گے۔راولپنڈی میں فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایک ماہ سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، یہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی فیملی کی ملاقات سے خوفزدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج لگتا ہے انہوں نے آدھے پنجاب کی پولیس یہاں تعینات کر دی ہے، اتنی پولیس لگانے کی کیا وجہ ہے، انہوں نے سڑک پر گندا پانی بھی چھوڑا ہے۔علیمہ خان نے مزید کہا کہ ہمیں نہیں سمجھ آرہی ان کو کیا خوف ہے، ان کو بڑی فکر ہے بھارتی میڈیا پر بات کیوں کی، ہم پوری دنیا کے میڈیا پر اپنی آواز اٹھائیں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ بھائی سے ملنے کا ہمارا قانونی اور آئینی حق ہے،جب تک ملاقات نہیں کروائیں گے ہم انتظار کرتے رہیں گے۔