ترکی کے تجرباتی ماڈلز اور تعاون سے پاکستانی پاورسیکٹر میں اصلاحات کو فروغ ملے گا:وزیرتوانائی
اویس لغاری کی ترک ہم منصب الپرسلان بیرکتار سے ملاقات، پاورسیکٹر میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال
اسلام آباد( آن لائن ) وزیر توانائی اویس لغاری نے اپنے ترک ہم منصب الپرسلان بیرکتار سے ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے اور خاص طور پر ڈسکوز کی نجکاری کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔اویس لغاری نے ترک وزیر کو پاکستانی پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بریفنگ دی اور کہا کہ پاکستان ڈسکوز کی نجکاری میں تجربہ کار عالمی سرمایہ کاروں کی شمولیت کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک کمپنیوں کے وسیع تجربے کی شمولیت بہت اہم ہے اور نجکاری کے عمل میں دونوں ممالک کے اداروں اور ماہرین کی قریبی مشاورت ضروری ہے۔وزیر توانائی نے پاکستانی ماہرین کو ترک پاور سیکٹر کے مشاہدے کی اجازت دینے پر بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے مرحلے میں تین بجلی کمپنیوں کی نجکاری کرنے جارہی ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے اظہاردلچسپی جلد جاری کیے جائیں گے۔