قید آنگ سان سوچی کی ریڈ کراس کے نمائندے سے ملاقات، حکومت نے تصدیق کر دی

قید آنگ سان سوچی کی ریڈ کراس کے نمائندے سے ملاقات، حکومت نے تصدیق کر دی

میانمار کی زیرِ حراست سابق رہنما اور نوبیل امن انعام یافتہ آنگ سان سوچی نے ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی (آئی سی آر سی) کے مقامی نمائندے سے ملاقات کی ہے، جو فروری 2021ء میں ان کی گرفتاری کے بعد کسی غیر ملکی ادارے کے نمائندے سے پہلی عوامی طور پر تصدیق شدہ ملاقات قرار دی جا رہی ہے۔

میانمار حکومت کی ترجمان کے مطابق آنگ سان سوچی نے دارالحکومت نیپیداو میں ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے مقامی نمائندے سے ملاقات کی، جس کی تصدیق حکومت نے سرکاری بیان کے ذریعے کی۔حکومتی ترجمان کی جانب سے ملاقات کی چار تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں، تاہم ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے تاحال اس ملاقات سے متعلق کسی تبصرے یا تفصیلات جاری نہیں کیں۔واضح رہے کہ آنگ سان سوچی فروری 2021ء میں فوجی بغاوت کے بعد سے حراست میں ہیں۔ اس دوران کسی غیر ملکی رہنما یا بین الاقوامی نمائندے کی ان سے عوامی سطح پر ملاقات سامنے نہیں آئی تھی۔آنگ سان سوچی کو مختلف مقدمات میں سزا سنائے جانے کے بعد مجموعی طور پر 27 سال قید کی سزا کا سامنا ہے، جبکہ ان کی گرفتاری اور مقدمات پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلسل تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔