یونان کی شپنگ کمپنی گیس لاگ نے تصدیق کی ہے کہ آبنائے ہرمز سے روانگی کے دوران اس کے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) بردار جہاز کو پیش آنے والے واقعے کے بعد صورتحال قابو میں ہے اور جہاز پر موجود تمام افراد محفوظ ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ گیس لاگ شنگھائی نامی ایل این جی ٹینکر کو 31 جولائی کو آبنائے ہرمز سے نکلتے ہوئے ایک "واقعہ" پیش آیا، تاہم اس کی نوعیت یا وجوہات سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔کمپنی نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ واقعے کے نتیجے میں جہاز یا اس پر موجود مائع قدرتی گیس کے کارگو کو کوئی نقصان پہنچا یا نہیں۔گیس لاگ کے مطابق واقعے کے فوراً بعد ہنگامی ردعمل کا منصوبہ فعال کر دیا گیا، متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا اور جہاز کی حالت کا مکمل جائزہ لینے کا عمل شروع کر دیا گیا۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی اولین ترجیح عملے کی حفاظت ہے اور خوش آئند بات یہ ہے کہ جہاز پر موجود تمام افراد محفوظ ہیں اور ان کا مکمل حساب موجود ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ماہرین جہاز کی تکنیکی حالت اور ممکنہ نقصان کا تفصیلی معائنہ کر رہے ہیں، جبکہ متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آبنائے ہرمز اور خلیجی سمندری راستوں میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی بحری تجارت، توانائی کی ترسیل اور تیل و گیس کی سپلائی پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کی اہم ترین گزرگاہوں میں شامل ہے، جہاں پیش آنے والا کوئی بھی واقعہ عالمی منڈیوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔