نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے مزار پر چادر پوشی سے تقریبات کا افتتاح کیا
لاہور (خصوصی رپورٹ)حضرت سید علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتاگنج بخشؒ کے983 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات لاہور میں شروع ہو گئیں، نائب وزیر اعظم پاکستان محمد اسحاق ڈار نے اتوار کی صبح مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب علی ڈار، صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یسٰین، وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کے ہمراہ رسم چادر پوشی سے عرس تقریبات اور سبیل دودھ کا افتتاح کیا۔ خطیب جامع مسجد داتا دربار نے دعا کروائی، رسم چادر پوشی کے بعد سینیٹر اسحاق ڈار نے محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی خصوصی تصنیف ’’حضرت داتا گنج بخشؒ، کاملاں را رہنما‘‘کا بھی افتتاح کیا۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات اور نیسپاک حکام نے ڈپٹی وزیر اعظم و دیگر شخصیات کو داتا دربار توسیعی منصوبہ بارے بریفنگ دی۔ سالانہ رسم چادر پوشی کے موقع پر زائرین کے تحفظ کیلئے سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے۔ عرس کی تقریبات کے پہلے روز عوام کے جم غفیر کا مزار پر حاضری ، عقیدت کے پھول نچھاور کرنے اور چادریں پیش کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کا عرس نہ صرف عظیم روحانی اجتماع ہے بلکہ اسلامی اقدار، قومی یکجہتی اور بین المسلمین بھائی چارے کے فروغ کا بھی مئوثر ذریعہ ہے ۔