24 سالہ ویلر کا سر تن سے جدا

کینال روڈپر ایف سی پل کے قریب ابرار ویلنگ کرتے ہوئے موٹرسائیکل کا توازن برقرار نہ رکھ سکا
حادثہ سے ایک گھنٹہ پہلے لاہور ٹریفک پولیس نے ایک ویلر کو گرفتار بھی کیا اور دیگر فرارہوگئے تھے
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں موٹرسائیکل پر ون ویلنگ کے دوران خوفناک حادثہ میں 24 سالہ نوجوان کا سر تن سے جدا ہو گیا ،لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔ ریسکیو 1122 ترجمان کے مطابق کینال روڈپر ایف سی پل کے قریب ون ویلنگ کے دوران بیلنس برقرار نہ رہنے سے موٹرسائیکل سوار 24 سالہ نوجوان ابرارخوفناک حادثہ کا شکار ہو کرموقع پرہی دم توڑگیا ،حادثہ اتنا شدید تھا کہ اس کا سر اور بازو تن سے جدا ہو گیا، اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کے لاش مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ لالہ ساجد نامی ون ویلنگ گروپ ٹولیوں کی صورت میں کینال روڈ پر خطرناک انداز میں ون ویلنگ کر رہا تھا، حادثہ سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل لاہور ٹریفک پولیس نے اسی گینگ کے ایک ون ویلر حسنین کو گرفتار کیا تھا جبکہ دیگر افراد فرار ہوگئے تھے، تھوڑی دیر بعد گینگ دوبارہ تاجپورہ کی جانب سے واپسی کینال روڈپر آگیا اور ون ویلنگ شروع کر دی، اسی دوران موٹرسائیکل سوار ویلر ابرار حادثے کا شکار ہوگیا،متوفی کا دوسرا بھائی بھی اسی گروپ کے ہمراہ موجود تھا۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے والدین اور نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ ون ویلنگ جیسے خطرناک اور غیر قانونی عمل سے مکمل اجتناب کریں۔