بارشوں ،سیلاب سے تباہی، 7افراد ہلاک

 مانجھوٹی کینال میں شگاف پڑنے سے درجنوں دیہات زیرآب ، کھڑی فصلیں تباہں ، سینکڑوں افراد بے گھر
دیر بالا کے ندی نالوں میں شدید طغیانی ، مین شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کیلے بند ایک گاڑی ریلے میں بہہ گئی
کراچی،ڈیرہ مراد جمالی،لاہور،اسلام آباد (خصوصی رپورٹ،بیورو رپورٹ)ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری رہیں، سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق ،بیسیوں ہو گئے۔حیدرآباد میں حیسکو کے 285 فیڈرز بند، بجلی کی فراہمی معطل، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارشوں نے تباہی مچادی،پنجاب سمیت ملک کے کئی علاقوں میں آج ہلکی بارش کا امکان ہے۔تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص پانی میں ڈوبنے سے جاں بحق ہوا،2 افراد بارش کے باعث بننے والے گڑھوں میں گرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے۔دوسری جانب ضلع عمرکوٹ میں بھی بارشوں کے دوران پانی میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ مختلف واقعات میں 2 افراد زخمی ہو گئے۔حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔ادھر بلوچستان میں ڈیرہ مراد جمالی بختیارآباد، نوتال، لانڈھی ،جھل مگسی ،بھاگ ،سبی، لہڑی، چھتر، فلیجی، تمبو، میرحسن ،مانجھوٹی ،ڈیرہ بگٹی، سوئی، پیر کوہ اور دیگر علاقوں میں اتوار کو علی الصبح تیز آندھی کے ساتھ موسلادھار بارشوں نے تباہی مچادی ،درجنوں گیارہ ہزار کے وی کے بجلی کے کھمبے زمین بوس ہوگئے جس سے سینکڑوں علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، مکانات کی چھتیں دیواریں گرنے سے 22 سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے جبکہ مانجھوٹی کینال کو شگاف پڑنے سے درجنوں دیہات زیرآب آگئے اور کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں ، سینکڑوں افراد بے گھر ہو گئے۔ دریں اثناء پختونخواکے علاقہ دیر بالا میں طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی ،سیلابی ریلے کی زد میں آ کر مین شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند کر دی گئی جس سے مسافر اور سیاح مختلف مقامات پر پھنس گئے، ایک گاڑی بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے شمال مشرقی اور وسطی اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان جبکہ دیگرعلاقوں میں موسم گرم و مرطوب رہے گا،گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت مختلف شہروں میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ موسم گرم مرطوب رہا تا ہم بعض مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 29اور زیادہ سے زیادہ 36سینٹی گریڈ ،آلودگی کی مجموعی شرح 92فیصد ریکارڈ کی گئی۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔دوسری طرف نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آج سے4 اگست کے دوران ملک کے بڑے دریائوں میں پانی کے بہائو میں نمایاں اضافہ کا امکان ظاہر کرتے کہا ہے کہ وزیرآباد کے مقام پر نالہ پلکھو میں درمیانے درجے ، سندھ میں نچلے ، چناب میں مرالہ پر اونچے ، خانکی اور قادرآباد پر نچلے ،دریائے جہلم، راوی، کابل اور معاون دریائوں میں بھی نچلے اورملحقہ ندی نالوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے راولپنڈی، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، پشاور، مردان، نوشہرہ، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ اور سندھ کے دیگر نشیبی شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور بارش کے پانی کے جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔