مصر کے ساحلی علاقے بحیرۂ احمر میں 5.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے جھٹکے سیاحتی شہر شرم الشیخ اور قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
مصری حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز بحیرۂ احمر میں شرم الشیخ سے تقریباً 61 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔ زلزلے کے فوری بعد متعلقہ اداروں نے صورتِ حال کا جائزہ لینا شروع کر دیا اور متاثرہ علاقوں کی نگرانی مزید سخت کر دی۔حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی سروے کے مطابق کسی عمارت کے گرنے، انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے یا کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔زلزلے کے جھٹکوں کے باعث بعض علاقوں میں شہری احتیاطاً گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، تاہم کسی بڑے نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔
مصری حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامی امدادی اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے، جبکہ ماہرین ممکنہ آفٹر شاکس کی بھی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ زلزلے سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری اداروں سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔