سفارت کاری اور مذاکرات ہی مسائل حل کرنے کا واحد موثر راستہ ہے،پاکستان کی امن کوششوں کو عالمی حمایت حاصل ہے
پاکستان اور چین نے پانچ نکاتی منصوبہ پیش کیا ہے جس میں ہرمز کی گزرگاہ میں جہاز رانی کے تحفظ کو بھی خاص اہمیت دی گئی :ترجمان
اسلام آباد(آئی این پی ) دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے خطے میں جاری کشیدگی خطرناک ہے جس کا فوری اور مستقل حل تلاش کرنا ضروری ہے، سفارت کاری اور مذاکرات ہی مسائل حل کرنے کا واحد موثر راستہ ہے،پاکستان کی امن کوششوں کو عالمی حمایت حاصل ہے،پاکستان اور چین نے اہم مشاورت سے پانچ نکاتی منصوبہ پیش کیا ہے جس میں ہرمز کی گزرگاہ میں جہاز رانی کے تحفظ کو بھی خاص اہمیت دی گئی ہے ۔دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم اور نائب وزیر اعظم کے مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے رابطے ہوئے، پاکستان کی خطے میں قیام امن کے لیے کوششیں جاری ہیں، سعودی عرب ،مصراور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا۔ترجمان نے بتایا کہ حالیہ 4 ملکی مشاورت میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں خطے میں جنگ کے جلد اور مستقل خاتمے کے امکانات پر غور کیا گیا، اس تنازع کے باعث نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں انسانی جانوں اور معاشی سرگرمیوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، جس پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ان مشکل حالات میں مسلم امہ کا اتحاد انتہائی اہم ہے، انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے آنے والے وفود کو ممکنہ امریکہ اور ایران مذاکرات کے حوالے سے آگاہ کیا، جن کے انعقاد کے لیے اسلام آباد کو ممکنہ مقام کے طور پر زیر غور لایا جا رہا ہے، اس اقدام کو شریک ممالک کی مکمل حمایت حاصل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ کشیدگی کو کم کرنے، فوجی تصادم کے خطرے کو روکنے اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔ اس موقع پر بات چیت اور سفارتکاری کو ہی تنازعات کے حل کا واحد راستہ قرار دیا گیا۔