جنرل ہسپتال لاہور کے گائنی وارڈ میں آتشزدگی‘مریض محفوظ رہے

 ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا،70سے زائد افراد کو نکال لیاگیا،  ایک گارڈ کی حالت خراب  
 ہسپتال کے عملے کو فراہم کی جانے والی فائر سیفٹی ٹریننگ انتہائی موثر ثابت ہوئی :ایم ایس   ڈاکٹر فریاد حسین 
لاہور(آئی این پی )پمز ہسپتال کے بعد  لاہور میں جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں  بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آگیا۔ ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا۔وارڈ سے 70سے زائد افراد کو نکال لیاگیا۔  آگ ایگزاسٹ سسٹم میں لگی۔کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔   تاہم واقعے کے باعث ایک گارڈ کی حالت خراب ہوگئی۔انتظامیہ کے مطابق گارڈ کو لاہور جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی میں طبی امداد دی جارہی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ایم ایس لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ ہسپتال کے عملے کو فراہم کی جانے والی فائر سیفٹی ٹریننگ انتہائی موثر ثابت ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ تربیت یافتہ عملے نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے فائر ایکسٹنگوشرز کی مدد سے آگ پر قابو پالیا اور اس دوران کسی بیرونی فائر بریگیڈ کی مدد کی ضرورت پیش نہیں آئی