برطانیہ: پناہ گزینوں کے خاندان بلانے کی درخواستیں عارضی طور پر معطل

برطانیہ: پناہ گزینوں کے خاندان بلانے کی درخواستیں عارضی طور پر معطل

لندن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق برطانیہ نے پناہ گزینوں کے اہل خانہ کو بلانے کی نئی درخواستوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔

 اس حوالے سے برطانوی وزیرداخلہ یویٹ کوپر نے اعلان کیا کہ پناہ گزینوں کے نظام میں بڑی تبدیلیاں متعارف کروائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال کوئی نئی درخواست جمع نہیں کی جاسکے گی۔وزیرداخلہ کے مطابق اب پناہ گزینوں پر بھی وہی شرائط لاگو ہوں گی جو دیگر تارکین وطن کے لیے ہیں۔ ان شرائط میں کم از کم 29 ہزار پاؤنڈ سالانہ آمدنی، مناسب رہائش کا انتظام اور اہل خانہ کے لیے بنیادی انگریزی زبان کا علم شامل ہے۔یویٹ کوپر نے مزید بتایا کہ غیر قانونی پناہ گزینوں کو واپس بھیجنے کے عمل کو تیز کیا جارہا ہے جبکہ مہنگے پناہ گزین ہوٹلوں کو بھی جلد بند کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ حکومتی اخراجات میں کمی لائی جاسکے۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعت کنزرویٹو کے شیڈو ہوم سیکریٹری کرس فلپ نے حکومت کے فیصلے کو ناکافی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدی سکیورٹی کے سنگین بحران سے نمٹنے کے لیے صرف قوانین میں معمولی تبدیلی کافی نہیں، اس کے لیے مزید سخت اور مؤثر اقدامات درکار ہیں۔