پنجاب، سندھ میں پولیس کارروائیاں: 3 خطرناک ڈاکو ہلاک، 5 گرفتار

پنجاب، سندھ میں پولیس کارروائیاں: 3 خطرناک ڈاکو ہلاک، 5 گرفتار

پنجاب اور سندھ میں پولیس کی مختلف کارروائیوں کے دوران بدنام زمانہ ڈاکوؤں کے خلاف اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

 تین الگ الگ مقابلوں میں 3 ڈاکو ہلاک جبکہ 5 زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق تمام ملزمان ڈکیتی، قتل، راہزنی اور تاوان کے لیے اغوا جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔پہلا مقابلہ بوریوالہ کے علاقے گاگگو منڈی پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا جہاں 2 ڈاکو ہلاک ہوئے۔ ان کی شناخت ابو بکر اور عمر کے ناموں سے ہوئی جو ماموں کانجن کے رہائشی تھے۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کے مطابق دونوں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔لاڑکانہ کے علاقے حیدری پولیس اسٹیشن کی حدود میں ہونے والے دوسرے پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو عاشق علی بھٹو مارا گیا۔ پولیس کے مطابق وہ نوجوان احمد علی بھٹی کے بہیمانہ قتل میں ملوث تھا۔

 کارروائی میں ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی۔خیرپور میں پولیس نے اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کو شہریوں کو لوٹنے کی کوشش کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے جن کی شناخت یاسر علی، علی زمان، فرمان ملک اور دیگر کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق یہ ایک منظم گینگ ہے جو علاقے میں سنگین وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ایس ایس پی خیرپور نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ہے کہ ان سے کئی وارداتوں کے بارے میں مزید انکشافات ہوں گے۔