سیلاب سے متاثرہ تمام سرکاری انفراسٹرکچرز کا ڈیٹا جمع کرنے کا عمل بھی جلد مکمل کیا جائے ‘ ڈپٹی کمشنرز سرکاری انفراسٹرکچر کی بحالی کے سارے عمل کی خود نگرانی کریں
تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے پی سی ونز دفتروں میں بیٹھ کر نہیں فیلڈ میں جا کر بنائے جائیں‘وبائی امراض کا پھیلائو روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں:وزیراعلی
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہدایت تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے آبی گزرگاہوں اور نالوں کے اطراف تجاوزات ہٹانے کے لئے اقدامات کیے جائیں اور تجاوزات ہٹانے کے لئے نوٹس جاری کرکے تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مستقبل میں نقصانات سے بچنے کے لئے دریاؤں اور دیگر آبی گزرگاہوں کی ڈی سلٹنگ اور حفاظتی پشتوں کی تعمیر کا ایک بڑا ون ٹائم منصوبہ شروع کیا جائے گا۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت پیر کے روز ایک ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں حالیہ بارشوں اور سیلابوں سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کاموں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ تمام سرکاری انفراسٹرکچرز کا ڈیٹا جمع کرنے کا عمل بھی جلد مکمل کیا جائے جبکہ ڈپٹی کمشنرز سرکاری انفراسٹرکچر کی بحالی کے سارے عمل کی خود نگرانی کریں۔تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے پی سی ونز دفتروں میں بیٹھ کر نہیں فیلڈ میں جا کر بنائے جائیں۔ تباہ شدہ اسکولوں اور صحت مراکز کو فوری بحال کرنے کے لئے پری فیب اسٹرکچرز کی تنصیب پر ہوم ورک کیا جائے جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔