34 سال پرانے پنجاب ہیلتھ فائو نڈیشن کو بند کرنے کا فیصلہ

محکمہ خزانہ نے  مالی معاملات، اثاثوں‘انسانی وسائل  اور واجبات کی تفصیلات  طلب کرلیں
 ملازمین اورفنڈزکودیگراداروں میں ضم کرنے سے متعلق امور پر  غورجاری ہے:ترجمان محکمہ صحت
لاہور(آئی این پی ) پنجاب حکومت نے 34 سال پرانے پنجاب ہیلتھ فائونڈیشن کی بندش کا فیصلہ کرلیا،خود کفیل ادارے کے مالی معاملات، اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات طلب کرلی گئیں۔محکمہ خزانہ نے ادارے کی مالی صورتحال، اثاثوں،واجبات، انسانی وسائل اورقرضوں کی تفصیلات طلب کر لیں،پنجاب ہیلتھ فائونڈیشن نے اب تک 2100 سے زائد ڈاکٹرزکو 2 ارب 50 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کئے،جبکہ ادارے نے آپریشنل اخراجات کے لئے  حکومتی فنڈنگ بھی حاصل نہیں کی۔ذرائع  کے مطابق پنجاب ہیلتھ فائونڈیشن کے بینک اکائونٹ میں اب بھی ایک ارب 32 کروڑ 80 لاکھ روپے موجود ہیں۔ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق فائو نڈیشن کی بندش کامعاملہ کفایت شعاری اقدامات کے تحت زیر غورہے،جبکہ ملازمین اورفنڈزکودیگراداروں میں ضم کرنے سے متعلق امور پر بھی غورجاری ہے،حتمی فیصلہ متعلقہ حکام کی مشاورت کے بعدکیاجائیگا،پنجاب ہیلتھ فائونڈیشن کو 1992 میں ڈاکٹروں کو بلاسود قرضے فراہم کرنے کے لئے قائم کیا گیا تھا۔