اسرائیلی بحری جہازوں نے دو مرکزی کشتیوں کا گھیرا ئو، مواصلاتی آلات کو جام کر دیا
یہ اقدام اسرائیل کو مزید مظالم اور نسل کشی کے لئے کھلا چھوڑنے کے مترادف ہے ،اٹلی
تل ابیب (آئی این پی)فلسطین پر قابض صیہونی فورسز کا غزہ کی امداد کیلئے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے کا گھنانا منصوبہ بے نقاب ہوگیا۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے لئے امداد لے جانے والا گلوبل صمود فلوٹیلا اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے اور ہائی رسک زون میں داخل ہونے پر اسرائیلی بحری جہازوں نے بیڑے کی دو مرکزی کشتیوں کا گھیرا ئوکیا اور ان کے مواصلاتی آلات کو جام کر دیا۔اسرائیلی نشریاتی ادارے کان کے مطابق اسرائیل بیڑے کو روکنے کیلئے بعض کشتیوں کو سمندر میں ڈبونے کا منصوبہ بھی بنا رہا ہے۔دوسری جانب اٹلی کے جہاز پیچھے ہٹانے کے فیصلے پر اقوام متحدہ کی فلسطین کے لیے خصوصی نمائندہ فرانسیسکا البانیز نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اسرائیل کو مزید مظالم اور نسل کشی کے لئے کھلا چھوڑنے کے مترادف ہے۔کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے خبردار کیا ہے کہ پرامن مشن پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور انسانیت کے خلاف جرم ہوگا۔