34 افغان شہریوں کو گرفتار کیا گیا، ملزمان چمن کے راستے پاکستان میں داخل ہوئے، فی کس 12 ہزارروپے ادا کیے
غیرملکی افراد نادرا سے جعلی قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوا کر بیرون ملک جارہے تھے،ایف آئی اے حکام،ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے
پشاو ر(آئی این پی )افغان شہریوں کے جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر پاکستان سے بیرون ملک جانیکا انکشاف ہوا ہے۔وفاقی تحقیقاتی ادارہ کے مطابق جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے میں ملوث 34 افغان شہریوں کو گرفتار کیا گیا، ملزمان چمن کے راستے پاکستان میں داخل ہوئے، غیرملکی افراد نادرا سے جعلی قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوا کر بیرون ملک جارہے تھے۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزمان نے پاکستان داخلے کے فی کس 12 ہزارروپے ادا کئے، نادرا میگا سنٹر میں دو مشتبہ غیر ملکیوں کی گرفتاری کے بعد ہاسٹل پر چھاپہ مارا گیا، ہاسٹل سے مزید 32غیرملکی گرفتار ہوئے، ملزمان سے پاکستانی جعلی شناختی کارڈ، افغان پاسپورٹ و دیگردستاویزات برآمد ہوئیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار غیر ملکیوں میں نوجوان اور کم سن لڑکے شامل ہیں، ملزمان ایجنٹ کے ذریعے پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کرنے کی کوشش کررہے تھے، ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کا پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ پر گلف ممالک جانے کا منصوبہ تھا، نادرا اور پاسپورٹ آفس ملازمین کے ملوث ہونے کا تعین دوران تفتیش کیا جائیگا۔