مستونگ میں دھماکہ تعلیم دشمنی کا ثبوت ہے: شہباز شریف

ذمہ داروں کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے:وزیراعظم کی ہدایت
    اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے مستونگ میں سکول پر دھماکہ تعلیم دشمنی کا ثبوت ہے،وزیراعظم کا مستونگ میں سکول کے قریب ہونے والے دھماکے میں بچوں اور پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار، شہباز شریف نے شہداءکی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی، وزیر اعظم شہباز شریف نے ذمہ داران کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگرد ایسے حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دینے والے پولیس افسران و جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا سکول پر دھماکا بلوچستان میں انکی تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔دہشتگرد ایسے بزدلانہ حملوں سے ہماری قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ ایسے حملے حکومت کے بلوچستان میں تعلیم و ترقی کے فروغ کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔