اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے آج اہم ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی سلامتی اور بھارت کی جانب سے عائد کیے گئے بے بنیاد الزامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور سعودی عوام کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔پہلگام واقعے کے تناظر میں جنوبی ایشیا میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کے مؤقف کو واضح کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن کی خاطر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔وزیراعظم نے بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعے کا تعلق پاکستان سے جوڑنے کے بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واقعے کی شفاف اور غیرجانبدار بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ دہرایا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر گزشتہ 15 ماہ میں سعودی عرب سمیت دوست ممالک کے تعاون سے حاصل کیے گئے معاشی فوائد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پوری توجہ ان کامیابیوں کو مستحکم کرنے پر ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان کو اقتصادی ترقی کی راہ سے ہٹانے کی کوششوں کو غیر منطقی اور افسوسناک قرار دیا۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ سعودی عرب اور دیگر برادر ممالک خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیراعظم کی جانب سے مؤقف پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ سعودی عرب خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔