کراچی (آئی این پی )پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران بھارت میں موجود پاکستانی خاتون سیما حیدر کے شوہر غلام حیدر نے حکومت پاکستان، وزیر اعظم اور آرمی چیف سے اپنے بچوں کی حفاظت اور فوری واپسی کے لیے اپیل کی ہے۔اپنے ایک جذباتی ویڈیو بیان میں غلام حیدر نے بتایا کہ انہوں نے بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وہاں موجود عملے کو ان کے بچوں کی واپسی سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہیں۔ غلام حیدر نے کہا میرے چار بچے غیر قانونی طور پر بھارت میں موجود ہیں۔ ان کی زندگی، تحفظ اور مستقبل خطرے میں ہے۔ میں ایک باپ ہوں میری مدد کریں۔ انہوں نے پاکستان کے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ان کے حق میں آواز بلند کریں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کے بچوں کی بازیابی کے لیے بھارتی حکومت پر دبا ڈالیں۔