ہزاروں اہل شہریوں کو شناختی کارڈ ریکارڈ پر جاز کیش کے ذریعے10ہزار موصول
9.1 لاکھ افراد موبائل ایپ، 1.4 لاکھ افراد ہیلپ لائن 1000 کے ذریعے رجسٹر
ہیلپ لائن 1000 پر ایک گھنٹے میں 18 لاکھ کال، 30,000 کالز فی منٹ ریکارڈ
لاہور (خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے نئے پروگرام "مریم کو بتائیں" میں 10 روز کے دوران 11 لاکھ افراد نے رجسٹریشن کرالی۔ ہزاروں اہل شہریوں کو شناختی کارڈ ریکارڈ کی بنیاد پر براہِ راست جاز کیش موبائل والٹس کے ذریعے 10 ہزار روپے موصول ہو چکے ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق 9.1 لاکھ افراد نے موبائل ایپ، 1.4 لاکھ نے ہیلپ لائن 1000 جبکہ 50 ہزار افراد نے ویب پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کرائی۔ اوسطاً روزانہ ایک لاکھ سے زائد افراد درخواست دے رہے ہیں۔چیئرپرسن 1000 ہیلپ لائن و وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل صائمہ فاروق کے مطابق ایک گھنٹے میں 18 لاکھ کالز کی کوشش ریکارڈ کی گئی، جب کہ کال سینٹر بیک وقت 800 کالز وصول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اضافی کالز پر مصروف ہونے کا پیغام دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر معمولی کال والیم عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔پروگرام کے تحت مستحق خاندان موبائل ایپ، ویب پورٹل (mkb.punjab.gov.pk) یا ہیلپ لائن 1000 کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ مکمل جانچ پڑتال اور ویلتھ فلٹر کے بعد رقم براہِ راست منتقل کی جاتی ہے۔ مستفید افراد کو روبو کالز، ایس ایم ایس اور تصدیقی کالز کے ذریعے آگاہ کیا جاتا ہے اور ہر درخواست گزار کو ٹریکنگ آئی ڈی فراہم کی جاتی ہے۔حکام کے مطابق پروگرام پی ایس ای آر ڈیٹا اور پی ایم ٹی اسکورنگ پر مبنی ہے، شفافیت اور ڈبل رجسٹریشن سے بچاؤ کے لیے ڈیجیٹل ویری فکیشن سسٹم نافذ ہے۔ رمضان نگہبان، راشن کارڈ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور وزیراعظم رمضان ریلیف پروگرام سے مستفید افراد اس اسکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔