راولپنڈی میں 1300 روپے کے معمولی لین دین کے تنازع پر دو نوجوانوں کے قتل کے افسوسناک واقعے میں پولیس نے دونوں فریقین کے 7 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ دھمیال کے علاقے پیر مہر علی شاہ ٹاؤن میں 8 مئی کو پیش آیا تھا، جس نے بعد میں سنگین شکل اختیار کر لی اور دو افراد کی جان لے لی۔تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں مقتول زین شاہ کا مقتول سراج سے اس وقت جھگڑا ہوا جب زین شاہ نے سراج کی دکان سے گھر کے لیے خریداری کی۔ دکاندار سراج نے بعد میں 1300 روپے کی بقایا رقم کا تقاضہ کیا، جس پر تلخ کلامی ہوئی اور بات بڑھتے بڑھتے فائرنگ تک پہنچ گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سراج موقع پر جاں بحق ہو گیا۔بعد ازاں اس واقعے کا بدلہ لینے کے لیے سراج کے رشتہ داروں نے زین شاہ کو مبینہ طور پر اغواء کیا اور تشدد کے بعد قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق دونوں واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں زین شاہ کے قتل میں ملوث 6 افراد اور سراج کے قتل میں ملوث ایک ملزم شامل ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معمولی تنازع کو اس حد تک بڑھانا قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔