ایل ڈی اے : مالی سال 2026-27 کیلئے بجٹ کا مسودہ تیار

میگا ترقیاتی منصوبوں کیلئے 80 ارب کے خصوصی فنڈز کی استدعا کی جائے گی
لاہور (کرائم رپورٹر)ایل ڈی اے نے مالی سال 2026-27 کے لیے بجٹ کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے تقریباً پچپن ارب روپے کا بجٹ پیش کیے جانے کا امکان ہے جبکہ ادارے کی مجموعی آمدن کا ہدف اکتالیس ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ لاہور میں میگا ترقیاتی منصوبوں کے لیے پنجاب حکومت سے اسی ارب روپے کے خصوصی فنڈز کی استدعا کی جائے گی۔ ان فنڈز کے ذریعے شہر کے مختلف حصوں میں ٹریفک مینجمنٹ، نئی شاہراہوں اور گریڈ سیپریشن منصوبوں پر کام شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔مجوزہ ترقیاتی سکیموں میں ڈیفنس روڈ پر واقع گول چکر کے مقام پر انڈر پاس کی تعمیر شامل ہے، جس کا مقصد بڑھتے ہوئے ٹریفک دباڈویژن کو کم کرنا اور سفر کو تیز تر بنانا ہے۔ اسی طرح ارفع کریم ٹاور سے پیکو روڈ تک سٹرکچر پلان روڈ کے منصوبے کو بھی آئندہ مالی سال میں شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ شہر کے مختلف حصوں کے درمیان بہتر رابطہ فراہم کیا جا سکے۔