2 سالہ بیٹی سمیت خاتون کی دریائے سندھ میں کود کر خودکشی

2 سالہ بیٹی سمیت خاتون کی دریائے سندھ میں کود کر خودکشی

ویب ڈیسک: سندھ کے علاقے مورو کے قریب دریائے سندھ میں اپنی دو سالہ بیٹی سمیت چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے والی خاتون کی لاش مقامی غوطہ خوروں نے نکال لی ہے، جبکہ کمسن بچی کی تلاش تاحال جاری ہے۔

واقعے کے بارے میں ایس ایچ او مورو کا کہنا ہے کہ یہ دلخراش واقعہ گاؤں لغاری بجارانی کے قریب پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے غربت اور گھریلو مسائل سے دلبرداشتہ ہو کر اپنی معصوم بیٹی کے ساتھ دریا میں چھلانگ لگا دی۔پولیس کے مطابق خاتون کا شوہر ڈیڑھ ماہ قبل مورو احتجاج کے دوران گرفتار ہوا تھا، جس کے بعد سے خاتون کو شدید معاشی مسائل کا سامنا تھا۔خاتون کی لاش تو مقامی غوطہ خوروں نے نکال لی ہے، تاہم دو سالہ بچی کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد مسلسل کوششوں میں مصروف ہیں۔علاقے میں واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کی فضا ہے، جبکہ مقامی لوگوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندان کو فوری مالی اور نفسیاتی مدد فراہم کی جائے تاکہ ایسے مزید واقعات سے بچا جا سکے۔