اسرائیل اورثناء اللہ ڈیوٹی پرجارہے تھے،فائرنگ سے موقع پرشہید ہوگئے،ملزمان اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے،فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن شروع
لکی مروت (آئی این پی )لکی مروت میں لونگ خیل سڑک پرنامعلوم افرادکی فائرنگ،ٹریفک پولیس کے2اہلکارشہید ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعہ گل باز دھقان کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار اہل کار اپنی ڈیوٹی کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کے دو اہلکار اسرائیل اور ثناء اللہ موقع پر شہید ہوگئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد مسلح افراد ان کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے،دونوں اہلکارموٹرسائیکل پر تاجہ زئی اڈہ ڈیوٹی کیلئے آرہے تھے۔واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جب کہ پولیس نے شواہد اور بیانات کی روشنی میں تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ جاں بحق اہلکاروں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔