وزیراعلی کی واہگہ بارڈر پر تعمیر کئے گئے ارینا کی افتتاحی تقریب میں شرکت‘ مریم اورنگزیب، کور کمانڈر لاہور، وزراء اور سینئر بیورکریسی بھی موجود تھی
نئے ایرینا میں شائقین کی نشستوں کی تعداد ساڑھے 7 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کر دی گئی،ایرینا میں توسیع کے علاوہ جوائنٹ چیک پوسٹ واہگہ پر نئی تعمیرات بھی عمل میں لائی گئی ہیں
جوائنٹ چیک پوسٹ واہگہ پر نصب قومی پرچم 115 میٹر بلند تھا، اب 139 میٹر کی بلندی پر لہرا رہا ہے، لہرانے والا پرچم ایشیاء کا ساتواں اور جنوبی ایشیا ء کا بلند ترین پرچم ہے
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے 2026ء نوجوانوں کا سال قرار دینے کا اعلان کیا اور2026ء میں عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ترقی کے اہداف پورے کرنے کا عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سال نو کے آغاز پر اپنے پیغام پر مبارکباد دی اورملک و قوم کی خیر وعافیت کی دعاکرتے ہوئے کہا کہ دعاہے کہ سال نو پاکستان سمیت دنیا بھر کے لئے امن اور عافیت کا سال ثابت ہو۔دعاہے اللہ تعالیٰ پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام کو خوشیوں سے ہمکنار کرے اور2026 پاکستان کے عوام کے لئے خوشحالی کا پیامبر ثابت ہو۔ 2026 میں عوام کو نواز شریف کینسر ہسپتال، سرگودھا کارڈیالوجی اور جناح کارڈیالوجی سمیت بہت سے تحفے پیش کریں گے۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب میں 2024ء سے شروع ہونے والا ترقی اور خوشحالی کا سفر 2026ء میں تیز تر ہوگا۔دریں اثناء نواز شریف نے بطور مہمان خصوصی واہگہ بارڈر لاہور پر تعمیر کئے گئے ارینا کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ارینا کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، کور کمانڈر لاہور، وزراء اور سینئر بیورکریسی بھی شامل تھی۔پاکستان رینجرز (پنجاب) کے زیرِ اہتمام جوائنٹ چیک پوسٹ واہگہ پر نو تعمیر شدہ ایرینا کی خصوصی افتتاحی تقریب کی مہمانِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تھیں۔ نئے ایرینا میں شائقین کی نشستوں کی تعداد ساڑھے 7 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کر دی گئی۔ایرینا میں توسیع کے علاوہ جوائنٹ چیک پوسٹ واہگہ پر نئی تعمیرات بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔نئی تعمیرات میں تقسیمِ ہند کی عکاسی کرنے کے لیے ریلوے اسٹیشن کے ماڈل، سامانِ حرب اور یادگارِ شہداء پر مشتمل تھیم پارک شامل ہیں ۔ارینا میں تحریکِ آزادی سے آج تک پاکستان کی تاریخ و ثقافت سے متعلق پاکستان میوزیم بھی قائم کیا گیا۔اضافی دفاتر، پنجاب رینجرز کے جوانوں کے لیے بیرکس، نمازیوں کے لیے پریئر ایریا اور فوڈ کورٹس بھی شامل ہیں ۔وسیع و عریض کار پارکنگ اور بابِ آزادی کے مقام پر شاہی قلعہ کی طرز پر عالمگیری دروازہ بھی نصب کیا گیا۔ جوائنٹ چیک پوسٹ واہگہ پر نصب قومی پرچم 115 میٹر بلند تھا، اب 139 میٹر کی بلندی پر لہرا رہا ہے۔جوائنٹ چیک پوسٹ پر لہرانے والا پرچم ایشیا کا ساتواں اور جنوبی ایشیا کا بلند ترین پرچم ہے۔