لاس ویگاس میں ٹرمپ ہوٹل کے باہر سائبر ٹرک میں دھماکا، ایک ہلاک، سات زخمی

لاس ویگاس میں ٹرمپ ہوٹل کے باہر سائبر ٹرک میں دھماکا، ایک ہلاک، سات زخمی

لاس ویگاس میں ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل کے باہر ایک ٹیسلا سائبر ٹرک میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور سات افراد زخمی ہو گئے۔

 یہ دھماکہ صبح 8:40 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب فائر بریگیڈ کی ٹیمیں ایک کار میں آگ لگنے کی اطلاع پر جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ سیکیورٹی کیمروں کی فوٹیج میں دکھایا گیا کہ سائبر ٹرک علاقے میں گھوم رہا تھا اور پھر ہوٹل کے سامنے پارک کر دیا گیا تھا، اس کے بعد ٹرک میں دھماکہ ہوا۔حکام کے مطابق دھماکے کی وجہ آتشبازی، گیس ٹینک اور کیمپنگ ایندھن کا امتزاج تھا۔ ٹرک امریکی ریاست کولوراڈو میں کرائے پر لیا گیا تھا اور وہ دھماکے سے صرف ایک گھنٹہ قبل لاس ویگاس پہنچا تھا۔ سائبر ٹرک کو ٹورو نامی کار شیئرنگ سروس کے ذریعے کرائے پر لیا گیا تھا، جو نیو اورلینز میں ایک اور مہلک حملے کے لیے بھی استعمال ہوئی تھی۔ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے واقعہ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ دھماکے کی وجہ آتشبازی اور ایندھن تھا، جو ٹرک کے پچھلے حصے میں موجود تھا۔

 مسک نے مزید کہا کہ ٹیسلا نے تفتیش کاروں کو چارجنگ اسٹیشنوں سے ویڈیو فوٹیج فراہم کی تاکہ تفتیش میں مدد کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سائبر ٹرک نے دھماکے کو اوپر کی سمت پھینک کر پھیلنے سے روکا، جس کی وجہ سے ہوٹل کے لابی کے شیشے کے دروازے نہیں ٹوٹے۔یہ واقعہ اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ سائبر ٹرک میں دھماکے کی شدت کو محدود کرنے میں مدد ملی، تاہم ابھی تک تحقیقات جاری ہیں اور حکام نے دھماکے میں ملوث افراد کی تلاش شروع کر دی ہے۔