بند کمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم 5 میں ہوگا، وزیراعلیٰ گنڈاپور بھی مذاکرات میں شامل ہونگے،پی ٹی آئی اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کریگی

حکومت ، اپوزیشن مذاکرات کادوسرا دورآج

اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی کریںگے،تحریک انصاف بانی چیئرمین کی رہائی سمیت دیگر قیدیوں کی رہائی کا معاملہ اٹھائے گی، نو مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کا مطالبہ کیا جائیگا، حکومت چارٹر آف ڈیمانڈ کی روشنی میں اپنا لائحہ عمل دے گی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوسرادور آج جمعرات 2 جنوری کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریںگے۔تفصیلات کے مطابق بند کمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم 5 میں دن ساڑھے گیارہ بجے ہوگا، حکومت اور اپوزیشن کمیٹیوں کے اراکین اسلام آباد پہنچ گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور بھی آج کے مذاکرات میں شامل ہونگے،تحریک انصاف اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ  پیش کرے گی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے چارٹر آف ڈیمانڈ کی تحریری کاپی مانگی تھی،تحریک انصاف نے موقف اختیار کیا کہ وہ کاپی اراکین کے سامنے پیش کرینگے۔تحریک انصاف بانی چیئرمین کی رہائی سمیت دیگر قیدیوں کی رہائی کا معاملہ اٹھائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نو مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کا مطالبہ کیا جائے گا۔ حکومت چارٹر آف ڈیمانڈ کی روشنی میں اپنا لائحہ عمل دے گی۔ اجلاس کے بعد حکومتی اور اپوزیشن کمیٹیوں کے ترجمان میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔ اجلاس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے دو دن پہلے جاری کردیا تھا۔