پنجاب ترقی، خوش حالی، ریلیف اور کارکردگی میں تمام صوبوں کو لیڈ کر رہا ہے،ترقی کا سفر جاری رہے گا:وزیراطلاعات پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر ) وزیرِاطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے 2024 پنجاب کی تاریخ کا کامیاب ترین سال رہا، مریم نواز نے 77 سے زائد عوامی ریلیف کے منصوبے شروع کیے، 77 منصوبوں میں سے 50 سے زائد مکمل بھی ہو گئے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مریم نواز کی حکومت نے تمام منصوبے اپنے وسائل سے شروع کیے، پنجاب ترقی، خوش حالی، ریلیف اور کارکردگی میں تمام صوبوں کو لیڈ کر رہا ہے، طلبہ، کسان، خواتین اور نوجوانوں سمیت ہر طبقے کو بلا تفریق ریلیف دیا گیا۔ عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پہلی بار اقلیتوں کے لیے ریلیف پیکیج دیے گئے، 4 سال پنجاب کے وسائل کو پنکی، گوگی اور کپتان نے بے دردی سے لوٹا، مریم نواز نے پنجاب کے لوگوں سے ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کیا ہے۔ آج پنجاب کے لوگوں کا معیارِ زندگی باقی صوبوں سے کئی گنا بہتر ہے، ان شا اللہ 5 سال پنجاب میں ترقی کا سفر ایسے ہی جاری رہے گا۔