ڈاکوئوں نے بارہ سالہ بچے کو شادی ہال میں بھیجا اور خود انتظار کرتے رہے
بچہ مہمانوں نے پکڑ لیا، دیکھتے ہی ڈاکوئوںنے شادی ہال پر دھاوا بول دیا
سیالکوٹ(خصوصی رپورٹ ) سیالکوٹ میں شادی ہال میں پکڑے جانے والے 12 سالہ بچے کو چھڑانے کیلئے ڈاکوئوں نے بارتیوں پر فائرنگ کرکے تین افرد کو زخمی کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکووں نے ڈکیتی کی وارداتوں میں کمسن بچوں کا استعمال بھی شروع کر دیا ہے اور وہ بچوں کو شادی ہال میں داخل کرا کے ڈکیتیاں کراتے ہیں۔ سیالکوٹ کے تھانہ اگوکی کی حدود میں ڈاکوئوں نے ایک بارہ سالہ بچے کو ڈکیتی کے لئے شادی ہال میں بھیجا اور خود باہر اس کا انتظار کرتے رہے۔تاہم جب بچہ ایک خاتون کا پرس چھین کر باہر بھاگا تو مہمانوں نے اس کو پکڑ لیا۔ یہ منظر دیکھتے ہی باہر موجود باراتیوں نے شادی ہال پر دھاوا بول دیا۔ڈاکوئو ں نے ساتھی بچے کو چھڑانے کی کوشش کی اور ناکامی پر باراتیوں پر گولیاں برسا دیں، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے جب کہ ڈاکو اپنے کم عمر ساتھی کو چھڑانے کے بعد فرار ہو گئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے عینی شاہدین سے پوچھ گچھ کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔