جس مسافر بس میں ڈیش کیم نہیں ہوگا وہ بس روڈ پر نہیں آئے گی، ہر بس میں دو ڈرائیوروں کا ہونا لازمی ہے
کراچی(آئی این پی )ڈی آئی جی موٹر وے پولیس سید فرید علی نے کہا ہے کہ موٹروے پولیس نے مسافر بسوں میں سیفٹی اور مانیٹرنگ کو بہتر بنانے کیلئے ڈیش کیمرے لگانے کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔اس اقدام کا مقصد ڈرائیوروں کی نگرانی، حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے، جس سے سفر کو مزید محفوظ بنایا جا سکے گا۔ایک انٹرویو میں سید فرید علی نے بتایا کہ اس سلسلے میں پہلے بھی بہت سے اقدامات کئے گئے تھے، اب ہم نے مسافر بسوں میں ڈیش کیمرے لگائے ہیں جن سے ڈرائیوروں کی کارکردگی پر نظر رکھی جائے گی اس کیلئے ایک خصوصی سافٹ ویئر بنایا ہے جس میں ڈرائیوروں کا سارا ڈیٹا شامل ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان تمام بسوں کے مالکان کو پابند کردیا گیا ہے کہ جس مسافر بس میں ڈیش کیم نہیں ہوگا وہ بس روڈ پر نہیں آئے گی اور ہر بس میں دو ڈرائیوروں کا ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ ہر وہ گاڑی جس کا فٹنس سرٹیفیکٹ نہیں ہوگا وہ ہائی وے یا موٹر وے پر نہیں آسکتی۔ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیوروں کی اہلیت کی بات کی جائے تو ہمارے ڈرائیور حضرات کی اکثریت ناخواندہ اور غیر تربیت یافتہ ہے، جس کی وجہ سے ان کی بہت بڑی تعداد جدید دور کے تقاضوں اور ٹریفک کے اصولوں کو سمجھنے سے قاصر ہوتی ہے۔