موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کے بعد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر نئے جرمانے اور سزائیں آج رات 12 بجے سے نافذ ہو جائیں گی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق، آج رات کے بعد جاری کیے جانے والے چالان ٹکٹس نئی مقررہ جرمانوں کے مطابق ہوں گے۔نئے قانون کے مطابق، موٹر سائیکل کے لیے کم سے کم جرمانہ 2،000 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ رکشے کا چالان کم از کم 3،000 روپے ہوگا۔ کار اور جیپ سمیت دیگر نجی گاڑیوں کے لیے کم از کم جرمانہ 5،000 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ٹریکٹر، ٹرالی اور دیگر کمرشل گاڑیوں پر جرمانہ 10،000 سے 20،000 روپے کے درمیان ہو سکتا ہے۔نئے قانون کے تحت، اوور لوڈنگ، رات کو بغیر لائٹس گاڑی چلانے، ون وے کی خلاف ورزی، کالے شیشے لگانے، بغیر ڈرائیونگ لائسنس یا کم عمر افراد کی ڈرائیونگ، اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی چلانے پر جرمانوں کے ساتھ ساتھ 6 ماہ تک قید کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔
ترجمان کے مطابق، گزشتہ چند روز سے شہریوں کو نئے قوانین اور چالان ٹکٹس کے بارے میں آگاہی مہم جاری تھی، جو اب ختم ہو رہی ہے۔رات 12 بجے کے بعد، ان قوانین کی مکمل طور پر نفاذ کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔