ٹیکسٹائل برآمدات 6.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، تجارتی تاریخ میں سب سے بڑا حجم ہے
اسلام آباد (آن لائن) مالی سال 2025-26 کے پہلے چار ماہ کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات نے ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے اور تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئیں۔ عارف حبیب لمیٹڈ کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ مدت میں ٹیکسٹائل برآمدات 6.4 ارب ڈالر تک پہنچیں، جو کہ پاکستان کی تجارتی تاریخ میں سب سے بڑا حجم ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویلیو ایڈڈ شعبوں نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے، خاص طور پر نِٹ ویئر اور ریڈی میڈ گارمنٹس کے شعبے میں۔ نِٹ ویئر کی برآمدات 1.9 ارب ڈالر تک جبکہ ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات 1.4 ارب ڈالر تک پہنچیں، جو دونوں شعبوں کے لیے بھی پہلے چار ماہ کی ریکارڈ سطح ہے۔ٹیکسٹائل برآمدات میں یہ اضافہ عالمی سطح پر مانگ میں بہتری، ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی بہتر کارکردگی اور روپے کی قدر میں استحکام کے نتیجے میں ہوا ہے۔ عارف حبیب لمیٹڈ نے اس کامیابی کا کریڈٹ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کاروبار دوست پالیسیوں اور برآمدات کے فروغ کے لیے حکومتی ترجیحات کو دیا ہے۔