وزیردفاع نے جمائما گولڈ اسمتھ کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ کے ٹوئٹ کو ری شیئر بھی کردیا
اسلام آباد (آئی این پی ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کے بانی پی ٹی آئی کو اسرائیل سے جوڑتے ہوئے ان پر طنز کیا ہے۔خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بانی پی ٹی آئی کی پہلی بیوی جمائما گولڈ اسمتھ کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ کے ٹوئٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے لکھا، صیہونی/اسرائیل اپنے پراجیکٹ بانی پی ٹی آئی کو بچانے نکل پڑے۔زیک گولڈ اسمتھ نے گذشتہ روز ایکس پر جاری اپنے پیغام میں عالمی برادری کی توجہ مبذول کراتے ہوئے لکھا تھا کہ پاکستانی اشرافیہ جانتی ہے اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی پاکستانی عوام کے پسندیدہ ترین لیڈر ہیں۔زیک نے لکھا کہ یہ لوگ اقتدار سے چمٹے رہنے کیلئے کچھ بھی کریں گے اور اس وجہ سے بانی پی ٹی آئی کے لئے صورتحال کافی خطر ناک ہوچکی ہے۔زیک گولڈ اسمتھ نے کہا کہ ان عناصر کی کوئی بھی حرکت بانی پی ٹی آئی اور پاکستان کے لیے خطرناک ہوسکتی ہے، اب وقت آچکا ہے کہ عالمی برادری بانی پی ٹی آئی کے لئے بھرپور آواز اٹھائے۔