بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں بیوی نے اپنے 5 بھائیوں کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی لیکن ایک اجنبی کی بروقت موجودگی نے اس کی جان بچا لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجیو نامی شخص پر 21 جولائی کی رات بیوی سادھنا اور اس کے بھائیوں کی جانب سے بھیجے گئے کرائے کے 11 غنڈوں نے گھر میں گھس کر حملہ کیا، اسے بری طرح مارا پیٹا گیا اور دونوں ہاتھ اور ٹانگیں توڑ دی گئیں۔ حملہ آور پھر راجیو کو جنگل میں لے گئے اور زندہ دفنانے کے لیے گڑھا کھودنے لگے لیکن اسی دوران ایک اجنبی وہاں پہنچ گیا جس پر حملہ آور بوکھلا کر فرار ہوگئے۔
اجنبی نے فوراً ایمبولینس بلا کر راجیو کو اسپتال پہنچایا جہاں وہ زیر علاج ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ راجیو کی بیوی نے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر قتل کی سازش رچائی اور کرائے کے غنڈوں کو پیسے دے کر شوہر پر حملے کے لیے بھیجا۔راجیو کے والد نے بہو سادھنا، اس کے بھائیوں اور حملہ آوروں کے خلاف شکایت درج کرائی اور ان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔