رضوان، امام الحق ، سلمان آغا ، عامر جمال ، علی عثمان، اویس،خرم باہرہوئے،کوچز سرفراز ، عمر گل بھی ریلیز
صائم ایوب ،عرفات منہاس ،عبداللہ فضل ،عمران جونیئر ،سعد بیگ ،رضا اللہ اور محمد عمران کھلاڑی طلب
لندن (سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایکشن لیتے ہوئے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی پر ہیڈکوچ سرفرازاحمد ،باؤلنگ کوچ عمرگل اور 7کھلاڑیوں کو ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز کردیا ہے جبکہ مائیک ہیسن کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کی جگہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری مائیک ہیسن سنبھالیں گے، جو اس سے قبل ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔عمر گل کی جگہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نئے باؤلنگ کوچ ایشلے نوفکے ہوں گے۔چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم نے 6 ٹیسٹ میچ کھیلے۔ ان میں صرف ایک میں جیت ملی جب کہ پانچ میچوں میں پاکستان کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔بتایاگیاہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیرصدارت ٹیم انتظامیہ اور بورڈ حکام کا لند ن کے ہوٹل میں اہم اجلاس ہوا، جس میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ہنگامی اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں مزید کرکٹرز کو پاکستان سے انگلینڈ طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، صائم ایوب اور عرفات منہاس کو انگلینڈ طلب کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر 5کھلاڑیوں کو ویزے ملنے کے بعد انگلینڈ بھیجا جائے گا۔قومی ٹیسٹ سکوا ڈ سے ریلیز ہونیوالوں میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، عامر جمال، علی عثمان، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں جبکہ ان کی جگہ صائم ایوب ،عرفات منہاس ،عبداللہ فضل ،عمران جونیئر ،سعد بیگ ،رضا اللہ اور محمد عمران انگلینڈ جائیں گے۔