ملک کے مختلف شہروں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے شہریوں میں مہنگائی کے خلاف تشویش بڑھ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، ایک کلو ٹماٹر کی قیمت 200 روپے سے بڑھ گئی ہے۔ اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں ٹماٹر گزشتہ روز 240 روپے فی کلو فروخت ہو رہا تھا، جبکہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں قیمت 260 روپے تک پہنچ گئی۔ بہاولپور میں بھی ٹماٹر کی قیمت 200 روپے فی کلو سے بڑھ گئی ہے۔بہاولپور کے سبزی فروشوں نے بتایا کہ منڈی سے ٹماٹر مہنگے آنے کی وجہ سے انہوں نے قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں پر قابو پایا جائے۔ فیصل آباد میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 220 روپے سے بڑھ کر 250 روپے ہو گئی ہے۔
لاہور میں ٹماٹر کے سرکاری نرخ 125 روپے فی کلو ہیں، لیکن بازار میں یہ 150 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔دوسری جانب آلو کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔ سرکاری نرخ 90 روپے فی کلو ہیں، جبکہ بازار میں 120 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔