گزشتہ ماہ انفورسمنٹ ٹیموں نے 2200 سے زائد علاجگاہوں کا معائنہ کیا ، لاہور میں 206 اتائی مراکز سیل کئے گئے
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے انسدادِ اتائیت مہم کے دوران پنجاب بھر میں اتائیوں کے 555 مراکز کو سیل کر دیا۔گزشتہ ماہ انفورسمنٹ ٹیموں نے 2200 سے زائد علاجگاہوں کا معائنہ کیا۔ ان میں سے 343 مراکز پراب مستند معالجین مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔ مزید بر آں 1168 مراکز کی نگرانی شروع کر دی گئی تاکہ قواعد و ضوابط پر عملدر آمد یقینی بنایا جا سکے۔ کارروائیوں میں لاہور سب سے نمایاں رہا جہاں 206 اتائی مراکز سیل کیے گئے۔ ضلع قصور میں 39، اوکاڑہ 38، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور نارووال میں 32مراکز سیل کیے گئے۔ لاہور میں معروف ہیلتھ مراکز کو بھی سیل کیا گیا۔پی ایچ سی ترجمان نے بتایا کہ ابتک کمیشن پنجاب بھر میں 2 لاکھ 43 ہزار سے زائد مراکز پر چھاپے مار چکا ہے جن میں سے 62900 سے زائدغیر قانونی مراکز کو مستقل بند کیا جا چکا ہے جبکہ تقریباً 29ہزاراتائی دھندہ چھوڑ چکے ہیں۔