پرامن ترین ممالک میں پاکستان کی 4درجے تنزلی

دنیا کے163ممالک میں 144واں نمبر،بھارت 115پر موجود، رپورٹ
 درجہ بندی کیلئے تحفظ، سکیورٹی، تنازعات و دیگر عناصر کو مدنظر رکھا گیا
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)2025 کیلئے دنیا کے پرامن ترین ممالک میں4درجے تنزلی پاکر پاکستان دنیا کے 163ممالک میں 144ویں نمبر پر آگیا جبکہ دنیا کے آخری 20 پر امن ترین ممالک میں شامل ہے۔انسٹیٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس(آئی ای پی)نے اپنی سالانہ رپورٹ پیش کی ہے جس میں دنیا کے پر امن ممالک کی درجہ بندی کی گئی۔رپورٹ کے مطابق رواں سال 2025میں پاکستان 4 درجے تنزلی پاکر 163 ممالک میں 144 ویں نمبر پر رہا جبکہ بھارت 115، سری لنکا 97، سعودی عرب 90، چین 98، متحدہ عرب امارات 52، امریکا 128 جبکہ بنگلادیش 123 ویں نمبر پر رہا۔اس فہرست میں ممالک کی درجہ بندی کے لیے تحفظ، سکیورٹی، تنازعات اور دیگر عناصر کو مدنظر رکھا گیا تھا۔سنگا پور ایشیا کا پرامن ترین ملک قرار پایا اور اس نے گزشتہ سال کے چھٹے نمبر کو برقرار رکھا۔پرتگال 7 ویں، ڈنمارک 8 ویں، سلوانیا 9 ویں جبکہ فن لینڈ 10 ویں نمبر پر رہا۔اس سال روس اس فہرست میں آخری نمبر یعنی 163 ویں نمبر پر رہا جس سے اوپر یوکرین 162، سوڈان161، جمہوریہ کانگو160، یمن 159 اور افغانستان 158ویں نمبر پر موجود ہیں۔غزہ پر حملہ کرکے ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کرنے والا ملک اسرائیل 155 ویں نمبر کیساتھ دنیا کے 10 بدترین ممالک کی فہرست میں موجود ہے۔