پاکستان کی جمہوریت کی درجہ بندی 2023 میں 3.25 تھی جو 2024 میں کم ہو کر 2.84 رہ گئی ہے
درجہ بندی میں تنزلی کی وجہ ملک میں انتخابی مسائل اور سیاسی بحران ہیں‘انتخابا ت میںپرتشدد واقعات پیش آئے
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان کی جمہوریت کی درجہ بندی 2024 میں ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کے عمل کے دوران ہونے والے پرتشدد واقعات اور سیاسی انتشار کی وجہ سے کم ہو گئی۔اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو)کی نئی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جمہوریت کی درجہ بندی 2023 میں 3.25 تھی جو 2024 میں کم ہو کر 2.84 رہ گئی ہے جس کی وجہ ملک میں انتخابی مسائل اور سیاسی بحران کو قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران ملک میں پرتشدد واقعات پیش آئے، اس کے علاوہ پاکستان کی ایک مقبول سیاسی جماعت کے سربراہ عمران خان کو انتخابات سے کچھ عرصہ پہلے جیل بھیج دیا گیا۔فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کے مطابق 2024 کے عام انتخابات میں ووٹر ٹرن آٹ سب سے زیادہ رہا مگر انتخابات سے پہلے اور بعد کے حالات نے جمہوری حقوق اور آزادیوں پر سوالات اٹھا دیے۔ایچ آر سی پی کے مبصرین نے 51 حلقوں میں انتخابات کا مشاہدہ کیا جس میں پولنگ کے دن پورے ملک میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل رہنے، کچھ مقامات پر پولنگ کی تفصیلات میں اچانک تبدیل ہونے، ریٹرننگ افسران کی جانب سے انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر کرنے جیسے واقعات رپورٹ ہوئے، جس سے انتخابات کی شفافیت میں مزید شکوک و شبہات پیدا ہوئے