دریائے سندھ میں 5 ستمبر کو انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی پیشگوئی

دریائے سندھ میں 5 ستمبر کو انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: دریائے سندھ میں 5 ستمبر کو انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث گڈو اور سکھر بیراج پر پانی کی سطح تشویشناک حد تک بلند ہونے کا امکان ہے۔

فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اس وقت گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ محکمہ آبپاشی سندھ نے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گڈو بیراج پر اپ اسٹریم میں پانی کی آمد 3 لاکھ 18 ہزار 229 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم میں 3 لاکھ 3 ہزار 877 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔سکھر بیراج پر اپ اسٹریم میں 2 لاکھ 85 ہزار 487 اور ڈاؤن اسٹریم میں 2 لاکھ 34 ہزار 717 کیوسک پانی کا اخراج نوٹ کیا گیا۔ اسی طرح کوٹری بیراج پر اپ اسٹریم میں 2 لاکھ 73 ہزار 844 جبکہ ڈاؤن اسٹریم میں 2 لاکھ 44 ہزار 739 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تریموں بیراج پر پانی کی سطح میں اضافہ ہو کر اپ اسٹریم میں 5 لاکھ 50 ہزار 965 کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔

فوکل پرسن زبیر چنہ نے میڈیا کو بتایا کہ بیراجوں پر پانی کی آمد اور اخراج کو ہر لمحہ مانیٹر کیا جا رہا ہے اور سندھ کے تمام دریائی بندوں اور بیراجوں کو جدید تقاضوں کے مطابق مضبوط بنایا جا چکا ہے۔ ماضی میں 102 ایسے پوائنٹس تھے جہاں سیلابی صورتحال کے دوران مسائل سامنے آئے تھے، تاہم محکمہ آبپاشی نے ان تمام پوائنٹس پر خصوصی بہتری اور مضبوطی کے اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے پیشگی حکمتِ عملی اپناتے ہوئے ان تمام مقامات پر عملہ، مشینری اور ضروری ساز و سامان فراہم کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔