کشمیری اپنے عظیم قائدکو خراج عقیدت کیلئے آج حیدرپورہ میں ان کے مزار پرجاکر فاتحہ خوانی کریں، عبدالرشید لون

سرینگر،اسلام آباد(آئی این پی )جموں وکشمیر ماس موومنٹ کے قائمقام چیرمین عبدالرشید لون نے بابائے حریت قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی شاہ گیلانی کو ان کے چوتھے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری قوم اپنے قائدکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج (یکم ستمبر) کو حیدرپورہ میں ان کے مزار پر جاکر فاتحہ خوانی کریں ،قائد حریت سید علی گیلانی کے چوتھے یوم شہادت پر اپنے خصوصی پیغام میں عبدالرشید لون نے کہاکہ سید علی گیلانی کی تعلیمات، جدوجہد اور قربانیاں مظلوم کشمیریوں کے لئے ایک نمونہ ہیں،آخری دم تک وہ کشمیرکاز کے لئے لڑتے رہے اور بھارتی حکمرانوں پر ان کا خوف سوار تھا اس وجہ سے علی گیلانی کو کئی سال تک گھر میں نظر بند رکھا گیا اور تمام بنیادی آزادیوں اور سہولیات سے محروم رکھا گیا جس کے نتیجے میں ان کی شہادت ہوئی۔کشمیری رہنما نے کہاکہ سید علی گیلانی اگرچہ ہم میں موجود نہیں۔مگر ان کے اصول و نظریات ھماری رہنمائی کیلئے موجود ہیں اور اور ان کے مشن کو منزل کے حصول تک جاری رکھا جائے گا انہوں نے کہاکہ شہید سید علی گیلانی کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق کے زبردست حامی تھی ان کا یہ نعرہ ہم پاکستانی ہیں اورپاکستان ہمارا ہے آج بھی کشمیر کے چپے چپے پر گونجتا ہے