رونالڈو پرتگال کے کیمپ سے اچانک کیوں روانہ ہوئے؟ دوست کا انکشاف

رونالڈو پرتگال کے کیمپ سے اچانک کیوں روانہ ہوئے؟ دوست کا انکشاف

کرسٹیانو رونالڈو کے پرتگال کے تربیتی کیمپ سے اچانک روانہ ہونے کے معاملے پر نئی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

ہسپانوی صحافی اور رونالڈو کے قریبی دوست ایڈو اگوئیر کے مطابق معاملہ صرف ناروے کے خلاف میچ میں اسٹار فٹبالر کو بینچ پر بٹھانے تک محدود نہیں تھا۔اگوئیر کا دعویٰ ہے کہ رونالڈو تقریباً 30 منٹ تک وارم اپ کرنے کے باوجود میدان میں نہیں اتر سکے، جس پر وہ ناراض ہوئے۔ بعد ازاں ان کی پرتگال کے کوچ جارج جیزس اور فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا سے نجی ملاقات ہوئی۔دعویٰ کیا گیا کہ ملاقات کے دوران کوچ نے رونالڈو سے معذرت کرتے ہوئے آئندہ پریس کانفرنس میں اپنی غلطی تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ تاہم پریس کانفرنس میں جیزس نے ایسا کوئی اعتراف نہیں کیا اور واضح کیا کہ ٹیم کے انتخاب اور فیصلے ان کا اختیار ہیں۔

اگوئیر کے مطابق نجی ملاقات اور عوامی بیان میں فرق نے رونالڈو کو مایوس کیا، جس کے بعد انہوں نے تربیتی کیمپ چھوڑ دیا۔رونالڈو نے بعد میں اپنی روانگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ مناسب وقت پر پرتگالی شائقین کو اس کی اصل وجہ بتائیں گے۔تاہم نجی ملاقات میں معذرت اور مبینہ وعدے سے متعلق ایڈو اگوئیر کے دعوے کی پرتگال کے کوچ یا فٹبال فیڈریشن کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ رونالڈو کے اچانک پرتگال اسکواڈ چھوڑنے کے بعد ان پر چھ ماہ کی پابندی عائد کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔