لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے لاہور تنظیم کے عہدیداروں سے ملاقات کی، جس میں 4 اکتوبر کے لانگ مارچ سے متعلق تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف ذمہ داریاں سونپی گئیں۔
سلمان اکرم راجہ نے ہدایت کی کہ 4 اکتوبر کو لاہور سمیت 10 اضلاع کے کارکن شہر میں متحرک رہیں، جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے تنظیمی عہدیدار، ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز خیبرپختونخوا پہنچیں۔انہوں نے تنظیمی عہدیداروں کو متحرک رکھنے اور ان سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی۔ لاہور تنظیم کو شہر میں ہونے والے 10 اضلاع کے احتجاج کی قیادت کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔پی ٹی آئی نے 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ پارٹی کی جانب سے لانگ مارچ کے پہلے مرحلے میں صوابی میں قیام اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق بھی مختلف اعلانات سامنے آچکے ہیں۔