جاپان نے مستقل رہائش حاصل کرنے کے خواہشمند غیر ملکیوں کے لیے یکم اکتوبر 2026 سے قوانین مزید سخت کر دیے ہیں۔
جاپان کی امیگریشن سروسز ایجنسی نے مستقل رہائش سے متعلق نئی رہنما ہدایات جاری کی ہیں، جن کے تحت درخواست گزار کی سالانہ آمدنی عام جاپانی گھرانوں کی اوسط آمدنی سے زیادہ ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔یہ شرط یکم اپریل 2026 کے بعد جمع کرائی گئی ان درخواستوں پر بھی لاگو ہوگی جو تاحال زیرِ التوا ہیں۔حکام درخواست گزار کی مستقبل میں متوقع پنشن کا بھی جائزہ لیں گے تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ آیا وہ طویل مدت تک جاپان میں مالی طور پر خود کفیل رہ سکتا ہے یا نہیں۔نئے قواعد میں جاپانی زبان کی مخصوص سطح کی اہلیت بھی شامل کی گئی ہے، تاہم یہ شرط اپریل 2027 سے نافذ ہوگی۔
اس کے علاوہ ٹیکس، پنشن اور دیگر سماجی تحفظ کی ادائیگیوں سمیت جاپانی قوانین کی پابندی بھی مستقل رہائش کے جائزے میں اہم عنصر رہے گی۔مستقل رہائش کی درخواست کی فیس بھی 10 ہزار ین سے بڑھا کر 2 لاکھ ین کردی گئی ہے، جو تقریباً 20 گنا اضافہ ہے۔جاپانی حکام کے مطابق مستقل رہائش ایک طویل مدتی حیثیت ہے، اس لیے درخواست گزار کی مالی خود کفالت، قوانین کی پابندی اور جاپان میں مستقل زندگی گزارنے کی صلاحیت کا زیادہ سختی سے جائزہ لیا جائے گا۔